رسک الاؤنس ضرور ، مگر ۔۔ !
Risk allowance for veterinary doctors | رسک الاؤنس ضرور ، مگر ۔۔ !
لائیوسٹاک کے ڈاکٹرز تاحال تمام بنیادی الاؤنسز سے محروم ہیں
قربانی کا خراب گوشت، پولٹری کانفرنس اور ویٹرنری ڈاکٹروں کی قربانی
رسک الاؤنس ضرور ، مگر ۔۔ !
ڈاکٹر محمد جاسر آفتاب
جب بھی کسی ویٹرنری ڈاکٹر کے بیمار ہونے کی خبر آتی ہے اورممکنہ طور پر اس کا تعلق زونوسس سے ہوتا ہے تو ویٹرنری ڈاکٹروں کے ایک جائز اور اہم ترین مطالبہ جاگ جاتا ہے ۔ضرور جاگنا چاہئے مگر اس مطالبے کو کسی ایسے واقعہ کے ساتھ جوڑنے سے فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے کہ اصل مسئلے سے توجہ ہٹ جاتی ہے ۔ جب مسئلے کی جانب توجہ نہیں رہتی تو پھراس کے حل کی تلاش کے لئے نہ تو کوشش کی جاتی ہے اور نہ ہی اس بارے بات ہوتی ہے۔
رسک الاؤنس کا مطالبہ ضروری ہے اور اہم بھی ہے۔ اسے ضرور منظور ہو جانا چاہئے اور اس سلسلے میں حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ لیکن ایک بات سوچنے کی ہے ! ۔۔۔ اگر رسک الائنس موجود ہواور کسی جگہ کسی ڈاکٹر کو فیلڈ سے کوئی بیماری لگنے لگے توکیا یہ رسک الاؤنس اس کو بیمار ہونے سے بچا سکتا ہے؟
رسک الاؤنس نہ تو کوئی ویکسین ہے ، نہ کوئی ڈھا ل اور نہ ہی کوئی ہتھیار جو کسی زونوٹک بیماری کے خلاف حفاظت کر سکے یا کسی حادثے کو روک سکے۔ یہ ایک مالی فائدہ ہے جو ہر مہینے ایک ڈاکٹر کی تنخواہ کا حصہ بن کر اس کی جیب میں چلا جائے گا اور پھر ارد گرد خرچ بھی ہو جائے گا یا زیادہ سے زیادہ اگر جمع ہوتا رہے تو بیماری کی صورت میں علاج معالجے پر خرچ ہو جائے گا۔ مگر نہ تو یہ بیماری کو روک سکتا ہے اور نہ ہے صحت مند زندگی کی ضمانت دے سکتا ہے۔ اصل میں رسک الاؤنس اہم نہیں بلکہ صحت اور زندگی اہم ہے کہ اس کے ساتھ ہی کوئی مالی فائدہ سودمند ثابت ہو سکتا ہے۔
رسک الاؤنس کی ضرور بات کرنی چاہئے مگر اس سے پہلے سیفٹی اور صحت مند زندگی کی بات ہونی چاہئے۔ میں دعوے سے یہ بات کرتا ہوں کہ جتنا دباؤ ہم محکمہ پر رسک الاؤنس کے سلسلے میں ڈالتے ہیں، دباؤ تو دور اگرسیفٹی بارے بات بھی کی جائے تو اس پرَ ایکشن لیا جائے گا۔ہو سکتا ہے کہ رسک الاؤنس براہِ راست محکمہ کے دائرہ اختیار میں نہ آتا ہو مگر اس کے برعکس سٹاف کی حفاظت کے لئے اقدامات کا اٹھانا براہِ راست تمام صوبوں کے محکمہ لائیوسٹاک کے دائرہ اختیار میں ہے اور یہ ان محکموں کی بنیادی ذمہ داری بھی ہے۔
میرے نزدیک کسی الاوئنس سے زیادہ اہم صحت اور جان کی حفاظت ہے ۔ اس کے لئے کہ فیلڈ میں کام کرنے والے ویٹرنری سٹاف کی سیفٹی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔ اس سلسلے میں ضروری ہے کہ ویٹرنری فیلڈ میں کام کرنے والے سٹاف کے لئے انٹرنیشنل SOPs کو سٹڈی کیا جائے اور ان میں ممکنہ ترامیم کے بعد اپنے سٹاف پر لاگو کیا جائے۔ صرف لاگو کر دینے سے کام نہیں بنے گا سٹاف کی بین الاقوامی معیار کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔ تربیت کے لئے چند افراد پر مشتمل ایک ٹیم کو بطور ماسٹر ٹرینر کسی متعلقہ بین الاقوامی ادارے سے تربیت دلائی جانی چاہئے ۔۔ آن لائن بھی ہو سکتی ہے۔ یہ ٹیم دفاتر میں بیٹھے اعلیٰ اور درمیانے افسران پرنہیں بلکہ فیلڈ میں کام کرنے والے ویٹرنری سٹاف پر مشتمل ہونی چاہئے۔ یہ ٹیم پھر واپس آ کر باقی سٹاف کی تربیت کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ خاص طور زونوٹک بیماریوں کی ہینڈلنگ کے پروٹوکولز بارے بھی سٹاف کی تربیت ہونی چاہئے۔ ٹریننگ کے بعد SOPs بنائے جانے چاہئیں اور پھر ان پر سختی سے عملدراآمد کروانا چاہئے جیسے 9211 میں ڈیٹا اینٹر کروایا جاتا ہے۔ ہاں ٹریننگ پروگرام کا سلسلہ رک نہیں جانا چاہئے بلکہ فیلڈ سیفٹی سے متعلقہ مختلف تربیتی کورسز ماہانہ بنیادوں پر جاری رہنے چاہئیں۔ تربیت کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں کام کے دوران سیفٹی سے متعلقہ ضروری سامان اور کوسٹیوم بھی فراہم کیا جانا چاہئے۔ یہ سب کچھ محکمہ کے براہِ راست اختیار میں ہے اور محکمہ کی ذمہ داری بھی ہے۔ دوسری جانب متعلقہ اداروں کو ویٹرنری تعلیمی نصاب میں بھی اس بارے بہتری لانی چاہئے۔
ایک اور بھی بات کرتا چلوں کہ فیلڈ ورک کے دوران سٹاف کو دھمکیوں ، غنڈہ گردی اور حادثات وغیرہ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میرے ذاتی تجربے میں ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی قیادت ایسے واقعات میں Zero Tolerance کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذاتی طور پر اپنے سٹاف کو protect کرتی ہے۔ اس ضمن میں ایک تجویز ہے کہ ایک Quick Response Committee تشکیل دے دی جائے جو ایسے واقعات اور فیلڈ میں مختلف حادثات پر ایکشن لے۔ ایسا کرنے سے اس طرح کے واقعات کی مینجمنٹ آسان بھی ہو جائے گی اور اس میں بہتری بھی آئے گی۔ دوسری جانب فیلڈ سے ایسی کمیٹی کو approch کرنا بھی آسان ہو گا۔
انتہائی ادب کے ساتھ محکمہ لائیوسٹاک کے افسران سے گزارش کروں گا پنجاب سمیت تمام صوبوں میں رسک الاؤنس اور دیگر مالی مطالبا ت کی بات ضرور، ضرور، ضرور کریں مگر اس کے ساتھ ساتھ اپنی سیفٹی اور پیشہ ورانہ قابلیت میں بہتری کے لئے ٹریننگ، ریفرشر کورسز ، equipment اور costume وغیرہ کی فراہمی کا بھی مطالبہ کریں۔ پیسے آتے جاتے رہتے ہیں ۔۔ اہم صحت مند زندگی ہے۔